نظام کی بہتری کیلئے 26 ویں ترمیم کی گئی، ضرورت ہوئی تو مزید قانون سازی کریں گے، وزیر قانون

0 minutes, 0 seconds Read

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 26 ویں ترمیم اسٹرکچرل ریفارم ہے جو نظام کی بہتری کے لیے کی گئی،علم غیب کسی کے پاس نہیں ہے، ضرورت کے تحت کل کو اگر کوئی چیز کرنا پڑی تو تمام اتحادی جماعتیں و پارلیمنٹ بیٹھ کر سوچیں گی۔

پنجاب بار کونسل میں 2 روزہ بین الاقوامی مصالحت و ثالثی ٹریننگ کا آغاز ہوگیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ لاہور میں بھی کراچی کی طرز پر تمام عدالتیں ایک ہی جگہ پر قائم ہوں تاکہ نہ صرف وکلا بلکہ سائلین کو بھی سہولت حاصل ہو۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے جوڈیشل افسران کے لیے بھی آسانی پیدا ہوگی اور عدالتی امور میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اس منصوبے کو پنجاب حکومت کو ارسال کر دیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

وزیر قانون نے مزید کہا کہ حالیہ 26ویں آئینی ترمیم ایک اسٹرکچرل ریفارم ہے، جو نظام کی بہتری کے لیے کی گئی ہے، اس کے بعد کسی اور آئینی ترمیم کی فوری ضرورت نظر نہیں آتی تاہم اگر مستقبل میں کوئی ضرورت پیش آئی تو تمام اتحادی جماعتیں مل بیٹھ کر فیصلہ کریں گی۔

بار کونسلز کے انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ووٹرز کی ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اسٹیمرز، بینرز، کھانوں اور زائد اخراجات پر پہلے بھی پابندی عائد تھی لیکن اب ان ضوابط کو باقاعدہ قانون کا حصہ بنایا جائے گا۔

وزیر قانون نے کہا کہ آپ اگر فوجی تنصیبات پر حملہ آور ہوں گے، آپ اگر سرکاری پراپرٹی اور پولیس وینز جلائیں گے تو آپ کو پھولوں کے ہار تو نہیں پہنائے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت جو پیسے ہائیکورٹ بارز کو دیتی ہے وہ پیسے ہم نے پچھلے اور اس سے پچھلے سال لاہور ہائیکورٹ بار کو دیے تھے، اگر خیبر پختونخواہ حکومت اپنے صوبے پر خرچ کرے اور وہاں کے عدالتی نظام کو بہتر کرے تو زیادہ خوشی ہو گی۔

وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت کے عدالتی نظام کی بہتری کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کے پی کی حکومت اپنے عدالتی ڈھانچے کو بہتر بناتی ہے تو اس سے زیادہ خوشی کی بات کوئی نہیں ہو سکتی۔

Similar Posts