پینٹاگون کی ایران جنگ سے قبل دفاعی شعبے میں سرمایہ کاری کی خبروں کی تردید

0 minutes, 0 seconds Read

امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے متعلق ایران جنگ سے قبل دفاعی شعبے میں سرمایہ کاری کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور غلط قرار دے دیا ہے۔

پینٹاگون کے ترجمان کے مطابق برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی وزیرِ جنگ کے بروکر نے ملٹی ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی کوشش کی، تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث یہ ڈیل مکمل نہ ہو سکی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ اس نوعیت کی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

دوسری جانب فنانشل ٹائمز کی ایک اور رپورٹ نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران ممکنہ جنگ میں امریکا پر برتری حاصل کر سکتا ہے۔

برطانوی جریدے کے مطابق اگر ایران اس جنگ میں کامیاب ہوتا ہے تو وہ مزید طاقتور اور خطرناک بن سکتا ہے۔

رپورٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے بھی سخت جملے استعمال کیے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ وہ ایران کے معاملے میں ایک مشکل صورتحال میں پھنسنے کے قریب ہیں، جس کی عکاسی کے لیے جریدے نے ایک تصویر بھی شائع کی ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق ایران آبنائے ہرمز پر ایک طرح کا ٹول ٹیکس نظام قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ اس میں کامیاب بھی ہو سکتا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے اپنی پرانی دھمکیوں کو عملی شکل دیتے ہوئے مؤثر طور پر آبنائے ہرمز کو بند کر دیا ہے، جس سے مغربی معیشتوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

جریدے کے مطابق تہران، بیجنگ کی طرح، اس بات کا مشاہدہ کر رہا ہے کہ وہ کس تیزی سے مغربی دنیا کو معاشی دباؤ میں لا سکتا ہے، جس کے بعد خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Similar Posts