کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس چل بسے جبکہ ویٹی کن سٹی نے پوپ فرانسس کے انتقال کی تصدیق کردی۔
ویٹی کن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پوپ فرانسس ایسٹر سنڈے کے موقع پر سینٹ پیٹرز اسکوائر میں شرکت کے ایک دن بعد پیر کو 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
پوپ فرانسس کا انتقال ویٹیکن سٹی میں ہوا، پوپ فرانسس نے گزشتہ روزایسٹر کے تہوار میں شرکت کی تھی۔
پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما تھے اور طویل بیماری کے بعد چند روز قبل ہی صحتیاب ہو کراسپتال سے ڈسچارج ہوئے تھے، پوپ فرانسس نے اتوار کو ایسٹر کے موقع پر لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔
یاد رہے کہ پوپ فرانسس نے 2013 میں پوپ بینڈکٹ کے استعفے کے بعد عہدہ سنبھالا تھا، پوپ فرانسس اس سے پہلے ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے آرچ بشپ تھے۔

پوپ فرانسس گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے اور انہیں حال ہی میں ڈبل نمونیا بھی ہوا تھا جس کے باعث وہ کئی روز تک اسپتال میں بھی زیر علاج رہے تھے اور بیماری کے باعث اس سال ایسٹر پر عوام سے خطاب بھی نہیں کر سکے تھے۔
عالمی رہنماؤں نے پوپ فرانسس کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
صدر مملکت کا پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور آنجہانی پوپ فرانسس کے بین المذاہب ہم آہنگی اور ہمدردی کے عزم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر نے پوپ فرانسس کے انتقال پر ویٹی کن اور پوری کیتھولک کمیونٹی سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ پوپ فرانسس امن اور انصاف کی ایک توانا آواز تھے، پوپ فرانسس نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی کمیونٹیزکوجوڑنے کے لیے کاوشیں کیں، باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کیلئے پوپ فرانسس کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم کا پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف کا رومن کیتھولک چرچ کے پیشوا پوپ فرانسس کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاپائے روم اربوں انسانوں کو اچھائی کی ترغیب، امن و سلامتی کے لیے رہنمائی تھے، پوپ فرانسس بین المذہبی ہم آہنگی، امن، اورانسانیت کے فروغ کے علمبردار تھے، پوپ فرانسس کی رحلت مسیحی برادری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
وزیر داخلہ کا پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی پوپ فرانسس کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور انہوں نے پوپ فرانسس کے خاندان اور کیتھولک مسیحی برادری سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پوپ فرانسس نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے نمایاں کردار ادا کیا، دنیا میں قیام امن کے لیے پوپ فرانسس کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، فلسطین ایشو پر پوپ فرانسس کے اصولی موقف کو اقوام عالم میں سراہا گیا، پوپ فرانسس کے انتقال سے دنیا مخلص اورامن کی داعی شخصیت سے محروم ہو گئی۔