کراچی میں فینسی نمبر پلیٹ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلیے کریک ڈاؤن، پہلے روز 164 چالان

0 minutes, 0 seconds Read
کراچی میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلیے پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 164 چالان کردیے۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق کراچی پولیس چیف آزاد خان کی ہدایت پر شہر بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی مشترکہ اسنیپ چیکنگ مہم جاری ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مہم کے پہلے روز 164 چالان کیے گئے جس میں بغیر نمبر پلیٹ کے 33 ، فینسی نمبر پلیٹ کے 51 اور نمبر پلیٹ چھپانے کے 80 چالان کیے گیے۔

 ترجمان کے مطابق مہم کا مقصد پرائیویٹ ، فینسی یا غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کے استعمال اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔

ترجمان کے مطابق اس مہم میں کراچی ٹریفک پولیس ، ڈسٹرکٹ پولیس ، ایکسائز ڈپارٹمنٹ اور اے وی ایل سی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر سینئر افسران نے مختلف مقامات کا دورہ کر کے جاری مہم اور اس دوران کی جانے والی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ اہلکاروں کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

 ترجمان کے مطابق کراچی پولیس کی جانب سے تمام شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ کسی بھی قانونی کارروائی اور پریشانی سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی تمام گاڑیوں پر سرکاری منظور شدہ نمبر پلیٹس نصب کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔

اس سے قبل فینسی اور غیر سرکاری نمبر پلیٹ لگی گاڑیوں کے خلاف مہم کے دوران کلفٹن تین تلوار کے قریب کار سوار نوجوان ٹریفک پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہوگیا۔

نوجوان کم عمر اور بغیر لائسنس کے گاڑی چلا رہا تھا جس کو ڈی آئی جی کے ہمراہ کھڑی نفری نے روکا تاہم وہ واپس آکر گاڑی میں بیٹھا اور فرار ہوگیا۔

فریئر پولیس نے ٹریفک پولیس کے افسر کی مدعیت میں نوجوان کے خلاف غفلت، لاپروائی اور تیز رفتاری سے گاڑی بھگا کر لیجانے کا مقدمہ درج کرلیا۔

 

Similar Posts