دبئی میں مسیحی برادری کی تمام عبادات روک دی گئیں، گرجا گھروں کو بند رکھنے کی ہدایات جاری

0 minutes, 1 second Read

دبئی میں مختلف گرجا گھروں نے 3 اپریل سے عوامی عبادات کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ عوامی صحت اور کمیونٹی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

گلف نیوز کے مطابق شہر بھر میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے گرجا گھروں نے فوری طور پر ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کو آن لائن منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ عبادت گزاروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فی الحال گرجا گھروں کا رخ نہ کریں اور گھروں سے ہی عبادات میں حصہ لیں۔

اوڈ میتھا میں واقع سینٹ میری کیتھولک چرچ نے اعلان کیا ہے کہ 3 اپریل سے چرچ کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔ گڈ فرائیڈے کی شام 6 بجے ہونے والی عبادت کو چرچ کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا تاکہ لوگ گھروں سے شریک ہو سکیں۔

اسی طرح جبل علی میں واقع سینٹ فرانسس آف اسیسی کیتھولک چرچ نے بھی تمام عبادات فوری طور پر منسوخ کر دی ہیں، تاہم آن لائن نشریات کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ چرچ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کمیونٹی کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

جبل علی کی مار تھوما پیرش نے بھی اعلان کیا ہے کہ ہفتے کے اختتام پر ہونے والی تمام عبادات آن لائن ہوں گی۔ چرچ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ آن لائن شرکت کے اوقات اور طریقہ کار جلد ہی ارکان کو فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ لوگوں سے ملک اور علاقے کے امن اور سلامتی کے لیے دعا کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

اوڈ میتھا میں واقع سینٹ تھامس آرتھوڈوکس کیتھیڈرل نے بھی گڈ فرائیڈے سمیت تمام عبادات آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ اوقات وہی رہیں گے۔ عبادت گزاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گھروں سے ہی ان تقریبات میں شامل ہوں۔

جبل علی کے سینٹ مینا کوپٹک آرتھوڈوکس چرچ نے 3 اپریل کی جمعہ کی عبادت سمیت تمام سرگرمیاں اگلے اعلان تک معطل کر دی ہیں۔ چرچ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالات بہتر ہونے پر جلد مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔

اوڈ میتھا کے ہولی ٹرینیٹی چرچ میں بھی تمام سرگرمیاں فوری طور پر روک دی گئی ہیں۔ چرچ کے ذمہ داران نے مذہبی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ اپنے ارکان کو بروقت آگاہ کریں اور حکومتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

دبئی کے گرجا گھروں کی انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ اقدامات عارضی نوعیت کے ہیں اور عوام کے وسیع تر مفاد کے لیے ضروری ہیں۔ عبادت گزاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے جڑے رہیں اور گھروں میں رہ کر اپنی عبادات جاری رکھیں۔

Similar Posts