اسرائیلی فوجی کمانڈ کے سربراہ رفی میلیو ماسگب نے ایک بیان میں کہا کہ حزب اللہ نہ صرف مکمل طور پر فعال ہے بلکہ اس کے پاس تقریباً 10 ہزار راکٹ اور متعدد لانچرز موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ طویل عرصے تک جنگ جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
رفی میلیو ماسگب کے مطابق حزب اللہ چھ ماہ تک روزانہ 500 راکٹ داغنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو اسرائیل کے لیے ایک بڑا سکیورٹی چیلنج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے بارے میں اسرائیل کی توقعات اور زمینی حقیقت میں واضح فرق سامنے آیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے امریکا اور اسرائیل کو سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ میں مزید شدت آئی تو پورا خطہ ان کے لیے خطرناک صورت حال اختیار کر سکتا ہے۔
ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی مزید جارحیت کا جواب بھرپور اور وسیع پیمانے پر دیا جائے گا، جس کے اثرات پورے خطے میں محسوس کیے جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق اس قسم کے بیانات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتے ہیں اور صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔