اس لیے ایران نے اسرائیل پر جوابی حملے کیے اور اسرائیل کو زبردست مالی نقصان پہنچایا اور امریکا کو بھی جواب دیا اور خطے میں واقع امریکی اڈوں اور ممکنہ اہداف پر حملے کیے اور وہاں بھی زبردست نقصان پہنچایا جس میں کچھ جانی نقصان بھی ہوا مگر یہ جانی نقصان مقامی عرب باشندوں کا کم اور وہاں موجود ایشیائی باشندوں کا زیادہ ہوا جو وہاں حصول روزگار کے لیے رہ رہے تھے، جن میں کچھ پاکستانی بھی شامل تھے ۔
ایک عشرے قبل راقم کو دبئی میں ملازمت کرنے والے ایک بھارتی ہندو نے بتایا تھا کہ یو اے ای میں عربوں سے زیادہ بڑی تعداد بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک کے عوام کی ہے مگریو اے ای میں غیر ممالک سے آنے والے غیر مسلم ٹیکنالوجی میں زیادہ ماہر اور زیادہ دولت مند ہوتے ہیں اس لیے ان کو وہاں عزت بھی زیادہ دی جاتی ہے۔ کیوں کہ وہ باہر سے ڈالر اور دیگر یورپین کرنسی لے کر آتے ہیں جو وہ وہاں سیر وتفریح پر خرچ کرتے ہیں اور واپسی میں شاپنگ بھی کرتے ہیں جس سے وہاں کاروبار کو فروغ ملتا ہے ،دبئی نے غیر ملکیوں کی سہولیات کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں اور تفریح کے متعدد خوبصورت مقامات بنا رکھے ہیں جس کی وجہ سے دنیا بھر سے لوگ دبئی آتے ہیں اور ان سے حاصل ہونے والی رقم دبئی کی بہت بڑی آمدنی کا ذریعہ ہے ۔
دبئی سیاحوں کے لیے انھیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرتا ہے اور دبئی کو سیاحت کا اہم مرکز بنا چکا ہے۔راقم کو متعدد بار دبئی جانے کا موقع ملا اور یہ دیکھنے کا موقع ملا کہ بھارت و بنگلہ دیش کے مقابلے میں پاکستانی مہارت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں پیچھے ہیں ۔ دبئی ایئرپورٹ پر امیگریشن کے دوران بنگلہ دیش سے آنے والوں کو پاکستانیوں کے مقابلے میں جلد فارغ کیا گیا ۔ پاکستانیوں کی یو اے ای میں اہمیت کم ہونے کے ذمے دار پاکستان کے حکمران رہے ہیں جن کی امارات میں ذاتی جائیدادیں اور کاروبار ہیں اور حکومت سے فارغ ہونے کے بعد پاکستانی سیاست دان دبئی میں رہتے آئے ہیں اور یہ ہی اقتدار میں رہ کر یو ترقی یافتہ ملکوں سے امداد و قرضے مانگ مانگ کر پاکستان کی بے عزتی کے ذمے دار ہیں کیونکہ بھکاریوں اور مقروضوں کی کہیں عزت نہیں ہوتی بلکہ ان کی توہین کی جاتی ہے۔
پاکستان امیر عرب ملکوں کا مقروض ہے جب کہ یو اے ای کی بھارت سے قربت بڑھ رہی ہے۔ یو اے ای نے بھارت سے دفاعی معاہدے بھی کیے۔کچھ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ کئی ملکوں کو پاکستان کی نئی بندرگاہ گوادر پر بھی تحفظات ہیں اور انھیں خدشہ ہے کہ گوادر کی ترقی سے ان کا کاروبار متاثر ہوگا اور دنیا کو تجارت کے لیے نئی بندرگاہ میسر آجائے گی۔ بعض ملکوں کو یہ بھی خطرہ ہے کہ گوادر ان کی بندرگاہوں کی جگہ نہ لے لے، مگر حقیقت یہ ہے کہ گوادرکبھی دنیا میں کسی کی جگہ اس لیے نہیں لے سکتا کہ پاکستان کا مقصد گوادر بندرگاہ کی ترقی ہے مگر گوادر میں دیگر ملکوں جیسی سہولیات ،امن اور روزگار کا تصور بھی ممکن نہیں ۔یو اے ای بھارت کو ترجیح اور اہمیت دیتا ہے کیونکہ بھارت یو اے ای کا محتاج ہے۔
یو اے ای کے حکمران اپنی چھٹیاں گزارنے اور موسمی شکار کے لیے پاکستان ضلع رحیم یارخان کے علاقے میں نجی طور پر آتے ہیں، یہ ان کا نجی دورہ ہوتا ہے سرکاری نہیں ۔ یو اے ای کے حکمران پاکستان کے سرکاری دورے بھی کم کرتے ہیں جب کہ پاکستانی حکمران آئے دن یو اے ای جاتے رہتے ہیں۔حالیہ ایران جنگ سے دبئی بہت زیادہ متاثر ہوا ہے اور جو لوگ دبئی جانے کو اعزاز سمجھتے تھے‘ وہ بھی اس وقت پریشان ہیں۔ یواے ای کی کوشش ہے کہ ہرمز بندرگاہ کھول دی جائے کیونکہ اس سے اس کی تجارت متاثر ہو رہی ہے۔ یو اے ای ایران جیسی دفاعی صلاحیت کا ملک نہیں وہ کاروباری اور سیر و تفریح کا ملک ہے ۔