ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی انقلاب کے حق میں آج دوپہر تہران کے انقلاب اسکوائر میں ایک بڑی عوامی ریلی منعقد کی جائے گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری بدامنی کے دوران ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کا الزام ایرانی حکام نے امریکا اور اسرائیل پر عائد کیا ہے۔
ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایران میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ممالک اپنے مقاصد کے حصول کے لیے ایران میں فسادات کروا رہے ہیں۔
صدر پزشکیان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فسادی عناصر اور دہشت گردوں سے خود کو دور رکھیں اور انہیں انتشار پھیلانے کی اجازت نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت انصاف کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور عوام کو اس پر یقین رکھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ ایران میں گزشتہ 14 روز سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ ایرانی انسانی حقوق تنظیم کے مطابق ان مظاہروں میں اب تک 192 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ امریکی انسانی حقوق تنظیم ایچ آر اے این اے کا دعویٰ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 490 تک پہنچ چکی ہے۔