کراچی: عمارت کے ملبے تلے دب کر جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی، 516 عمارتیں سیل
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں مہندم ہونے والی 6 منزلہ عمارت کے ملبے سے چوتھے روز ریسکیو اہلکاروں نے مزید ایک اور شخص کی لاش نکال لی، جس کے بعد اس حادثے میں ملبے تلے دب کر جاں بحق افراد ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں غیر قانونی اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران اب تک 516 عمارتیں سیل کر دی گئی ہیں۔
کراچی کی ایڈمن سوسائٹی بلوچ کالونی بلاک فور میں 6 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے اب تک 12 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ آج مزید ایک اور لاش ملنے کے بعد اس کی شناخت کا عمل جاری ہے جب کہ حادثے میں 15 افراد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ 5 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
ملبے سے ملنے والی لاشوں میں 22 سالہ محمد نوید، 35 سالہ فرحان، 17 سالہ محمد ارسلان، 35 سالہ نجیب، 25 سالہ عابد، 24 سالہ بلال، 30 سالہ نجیب، 22 سالہ اللہ دتہ، 30 سالہ محمد علی، 27 سالہ صغیر اور حسیب شامل ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق گزشتہ روز 2 دن بعد عادل نامی شخص کو ملبے سے زندہ نکالا گیا تھا جب کہ ملبہ ہٹانے کے لیے 4 شاول اور 4 ایکسیویٹر مشینیں استعمال کی جارہی ہیں، متعدد ٹرک بھی ملبہ منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ ریسکیو 1122، چھیپا، ایدھی اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
کراچی میں 516 غیر قانونی عمارتیں سیل
دوسری جانب کراچی میں غیر قانونی اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران اب تک 516 عمارتیں سیل کر دی گئی ہیں۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کارروائیوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو پیش کردی ہے۔
کمشنر کراچی آفس کے مطابق شہر میں غیر قانونی اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائیاں وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر جاری ہیں۔ 27 نومبر تک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے مجموعی طور پر 516 عمارتیں سیل کی ہیں جب کہ زیرِ تعمیر غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف اضلاع میں زیرِ تعمیر 262 عمارتوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں سے 158 عمارتیں سیل کی گئیں جب کہ 12 عمارتوں کو نوٹس جاری کیے گئے اور ایک مقام پر معائنے کے وقت تعمیراتی کام رکا ہوا پایا گیا۔
ضلعی تفصیلات کے مطابق ضلع کورنگی میں 48 عمارتوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں سے 41 کو سیل جب کہ 7 کو نوٹس جاری کیے گئے۔ ضلع کیماڑی میں 19 عمارتوں میں سے 12 سیل کی گئیں، 5 کو نوٹس جاری ہوئے جب کہ ایک مقام پر تعمیراتی کام بند پایا گیا۔
اسی طرح ضلع غربی میں 12، ملیر میں 21، وسطی میں 64، جنوبی میں 61 اور شرقی میں 37 زیرِ تعمیر عمارتوں کا ریکارڈ مرتب کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ضلع ملیر میں 8، وسطی میں 5، جنوبی میں 55 جبکہ شرقی میں تمام 37 عمارتیں سیل کی گئیں۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی اور بلا اجازت تعمیرات کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
دوسری جانب شہر میں انتہائی غیر محفوظ اور بلا اجازت زیرِ تعمیر عمارتوں کو منہدم کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ضلعی انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہے۔
رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں اور تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے لیے متعلقہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ 25 نومبر کو کراچی میں 600 گز کے ایک رہائشی پلاٹ پر تعمیر کی جانے والی چھ منزلہ عمارت چند لمحوں میں زمین بوس ہو گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق عمارت کا منظور شدہ نقشہ گراؤنڈ پلس ون کا تھا، تاہم مبینہ طور پر 5 اضافی منزلیں تعمیر کر دی گئیں، جن میں چھٹی منزل ابھی مکمل نہیں ہوئی تھی اور عمارت گزشتہ ایک سال سے زیر تعمیر تھی۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق اس پلاٹ پر فلیٹس اور یونٹس کی تعمیر کی اجازت نہیں تھی۔ اس مبینہ غیرقانونی تعمیرات میں محمد عبداللہ شکیل، بلال شکیل اور ذیشان اسلم عرف شانی کے نام سامنے آئے ہیں،جب کہ آرکیٹیکٹ کا نام محمد فرحان بصیر بتایا گیا ہے، جن کے کردار اور ذمہ داری کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یونین کمیٹی نمبر 3 محمود آباد کی جانب سے پلاٹ مالکان کو تین مرتبہ نوٹس جاری کیے گئے تھے اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے بھی نوٹسز دیے، تاہم مالکان اور بلڈرز نے عدالت سے حکم امتناع یعنی اسٹے آرڈر حاصل کر لیا تھا۔
میئر کراچی نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر سمیت دیگر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایڈمن سوسائٹی میں 2 درجن سے زائد عمارتیں ایسی ہیں جہاں رہائشی پلاٹس پر تجارتی طرز کی تعمیرات جاری ہیں۔