شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس

0 minutes, 0 seconds Read
نواب شاہ : شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شہید بینظیر آباد کے بزنس شعبے کے زیرِ اہتمام ’موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے کی صلاحیت‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے صدارت کی، جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے گورننگ باڈی ممبر پروفیسر ڈاکٹر سید احمد حسین شاہ مہمانِ خصوصی تھے۔

کانفرنس کے منتظمین میں پروفیسر ڈاکٹر سلمان بشیر، ڈاکٹر محمد عارف، ڈاکٹر ارمان خانزادہ، ڈاکٹر الطاف خاصخیلی، ڈاکٹر افروز سیال، ڈاکٹر جاوید شیخ اور شاداب فاطمہ شامل تھے۔

اس موقع پر مختلف جامعات کے سربراہان اور بین الاقوامی اسکالرز نے بھی خطاب کیا، جن میں شہید اللہ بخش یونیورسٹی آف آرٹس اینڈ ڈیزائن جامشورو کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اریبلا بھٹو، جی سی یونیورسٹی حیدرآباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان، شیخ ایاز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نوید شیخ اور آئی بی اے یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور علی میرانی شامل تھے۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی آج کے دور کا ایک بڑا عالمی چیلنج ہے، جس کے اثرات ماحول کے ساتھ ساتھ معیشت اور سماج پر بھی پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ طلبہ کو جدید تحقیق، جدت اور عملی مہارتوں سے آراستہ کریں تاکہ وہ ان چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ، سماجی ذمہ داری اور اچھی حکمرانی (ESG) کے اصولوں کو اپنانا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں جامعات کو تحقیق، پالیسی سازی اور عملی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر شیلڈز اور اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے کہا کہ ایسی علمی سرگرمیاں طلبہ کی تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہیں اور انہیں جدید دور کے مسائل کو سمجھنے اور ان کا حل تلاش کرنے کے قابل بناتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی بین الاقوامی کانفرنسز علم کے تبادلے اور عالمی تجربات سے سیکھنے کا اہم ذریعہ ہیں، جو مستقبل میں بہتر حکمت عملی بنانے میں مدد دیتی ہیں۔

Similar Posts