امریکا کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایران کی لاوان آئل ریفائنری پر حملہ

0 minutes, 0 seconds Read

امریکا کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے کچھ ہی دیر بعد ایران کی لاوان آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا، جہاں حملے کے بعد آگ لگ گئی تاہم عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق نیشنل ایرانی آئل ریفائننگ اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے لاوان جزیرے پر واقع آئل ریفائنری کو صبح 06:30 جی ایم ٹی پر نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ واقعے کے بعد سیفٹی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہو گئیں اور آگ پر قابو پانے اور تنصیب کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کمپنی کے مطابق بروقت انخلا کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، یہ بیان مہر نیوز ایجنسی کے ذریعے جاری کیا گیا۔

دوسری جانب ایران کی لاوان آئل ریفائنری پر حملے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، یو اے ای اور کویت پر میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

کویت کی فوج نے بتایا ہے کہ صبح کے وقت ایرانی ڈرونز کی ایک بڑی لہر کو نشانہ بنایا گیا، جسے فضائی دفاعی نظام نے روکنے کی کوشش کی۔ ان حملوں میں تیل کی تنصیبات، بجلی گھروں اور پانی صاف کرنے والے پلانٹس کو ہدف بنایا گیا، جس سے بعض مقامات پر نقصان بھی ہوا۔

رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے یو اے ای پر بھی میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے، جس سے خطے میں سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے ایران کی لاوان ریفائنری پر ہونے والے حملے کے بعد کیے گئے، جس کے باعث خطے میں صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔

Similar Posts