ایران امریکا مذاکرات کی کامیابی کیلیے بھرپور کوشش کریں گے باقی نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں، وزیراعظم

0 minutes, 0 seconds Read
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل سے امن کی باتیں ہورہی ہیں اور دونوں فریق مذاکرات کیلیے اسلام آباد آرہے ہیں جن کی کامیابی کیلیے ہم اخلاص کے ساتھ کوششیں کریں گے۔

قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل سے فریقین جو کل تک آمنے سامنے  تھے اور خطے کی تباہی کا منظر تھا اب وہ دونوں بات چیت کے ذریعے معاملات کو طے کرنے پر راضی ہوچکے ہیں۔ اس انتہائی اہم پیشرفت میں امریکا اور ایران کی قیادت کا کردار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے میری درخواست پر عارضی جنگ بندی کی جس کے بعد اب دونوں اسلام آباد مذاکرات کیلیے آرہے ہیں، مذاکرات کی میزبانی کا شرف صرف پاکستان نہیں بلکہ عالم اسلام کیلیے فخر کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ نازک ترین لمحات میں پاکستان کی قیادت نے انتہائی محتاط انداز میں اعتماد کے ساتھ دونوں فریقین کو عارضی جنگ بندی پر نہ صرف راضی کیا بلکہ اسلام آباد آنے کیلیے پُرخلوص دعوت دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس صورت حال کے دوران اسحاق ڈار اُن کی ٹیم نے دن رات محنت کی جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، خاص طور پر فیلڈ مارشل کو تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے انتھک محنت کے ذریعے جنگ کے شعلے بجھانے اور فریقین کو مذاکرات پر راضی کرنے کیلیے کلیدی اور تاریخ ساز کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی ان خدمات کو تاریخ ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ عارضی جنگ بندی کے بعد کٹھن مرحلہ دیرپا جنگ بندی اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کا ہے، قوم دعا کرے کہ مذاکرات کامیاب ہوجائیں جس کے بعد 
انگت معصوم زندگیاں بچیں گی اور امن قائم ہوگا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی قیادت اسلام آباد میں موجود ہوگی، پاکستانی قیادت مذاکرات کو کامیاب کروانے کیلیے خلوص کے ساتھ اپنی حتی المقدور کوشش کرے گی باقی نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔

Similar Posts