پنجاب حکومت کا ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں بڑی اصلاحات کا اعلان، اسٹامپ آرڈیننس 2026 نافذ

0 minutes, 0 seconds Read
حکومت پنجاب نے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں اہم اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے اسٹامپ آرڈیننس 2026 نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت قابلِ تفویض دستاویز کو باقاعدہ قانونی حیثیت دے دی گئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی اکرام الحق کے مطابق، پراپرٹی سرمایہ کاری کے لیے ایک نیا، آسان اور شفاف نظام متعارف کروایا گیا ہے، جس سے لین دین کو محفوظ بنانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

حکام کے مطابق قابلِ تفویض دستاویز پر 12 ماہ تک صرف ایک فیصد اسٹامپ ڈیوٹی عائد کی گئی ہے جبکہ اس پر کسی قسم کا اضافی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔ اس کے ساتھ شہری اور دیہی علاقوں میں ٹیکس کا فرق بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ زرعی زمین کی اسٹامپ ڈیوٹی میں نمایاں کمی کی گئی ہے، جبکہ غیر رسمی بیعانہ اور فائل ٹریڈنگ کی حوصلہ شکنی کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ڈی جی پلرا کا کہنا ہے کہ قابلِ تفویض دستاویز کی ای رجسٹریشن کے ذریعے پراپرٹی لین دین کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے، جس سے فراڈ کے امکانات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ نئے نظام کے تحت قابلِ تفویض دستاویز کے ذریعے پراپرٹی حقوق کسی دوسرے فرد کو منتقل کرنا بھی ممکن ہوگا۔

اکرام الحق کے مطابق حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔

Similar Posts