پولیس کے مطابق کورنگی کے علاقے غوث پاک روڈ سیکٹر 50 اے میں جلال الدین مسجد کے قریب دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
زخمی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 40 سالہ عبدالستار کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا گیا۔
دوسرا واقعہ ملیر کے علاقے جعفر طیار، عمار یاسر سوسائٹی اور مہران گوٹھ کے قریب پیش آیا، جہاں دو گروپوں میں تصادم کے دوران فائرنگ سے 22 سالہ نوجوان عبدالرحمان زخمی ہو گیا۔ زخمی کو بھی جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے شدید فائرنگ کی اور متعدد موٹرسائیکلوں کو نذر آتش کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جھگڑے کی وجہ اتوار کے روز ہونے والا تنازع تھا جس میں گھورنے اور آوازیں کسنے پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملیر سٹی تھانے کی نفری موقع پر موجود ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملوث افراد کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے۔