50 فیصد ٹیرف کی دھمکی پر چین کی امریکا کو وارننگ

0 minutes, 0 seconds Read

چین نے امریکا کی جانب سے ممکنہ ٹیرف میں اضافے کی دھمکی پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر واشنگٹن نے یہ اقدام کیا تو بیجنگ جوابی کارروائی کرے گا جب کہ چین نے ایران کو فوجی مدد فراہم کرنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

منگل کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ میڈیا میں شائع ہونے والی وہ رپورٹس جن میں چین پر ایران کو فوجی معاونت فراہم کرنے کا الزام لگایا گیا ہے، مکمل طور پر من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا ان الزامات کی بنیاد پر چین کے خلاف ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ کرتا ہے تو بیجنگ اس کے جواب میں جوابی اقدامات کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین ہمیشہ فوجی مصنوعات کی برآمد کے معاملے میں محتاط اور ذمہ دارانہ رویہ اپناتا ہے اور اس حوالے سے ملکی قوانین اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق سخت کنٹرول برقرار رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر درآمدی محصولات (ٹیرف) میں 50 فیصد اضافے کا عندیہ دیا ہے، جس کے تحت چینی مصنوعات پر مزید ٹیکس عائد کیے جا سکتے ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چین نے ایران کو فوجی معاونت فراہم کی، جس کی بنیاد پر ٹیرف میں اضافے پر غور کیا جا رہا ہے تاہم چین نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چین پر مزید ٹیرف عائد کرنے کے عندیے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان ماضی میں بھی تجارتی جنگ اور ٹیرف کے معاملات پر کشیدگی دیکھنے میں آتی رہی ہے اور حالیہ بیانات سے ایک بار پھر دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان تناؤ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Similar Posts