غیر قانونی حج پر سعودی حکومت کا ایک لاکھ ریال جرمانے اور سخت سزا کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

سعودی وزارتِ داخلہ نے حج سیزن کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائی کا اعلان کیا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق جو افراد بغیر اجازت حج ادا کرنے کی کوشش کریں گے یا ایسے افراد کی مدد کریں گے جن کے پاس وزٹ ویزا ہے اور وہ غیر قانونی طور پر حج کرنا چاہتے ہیں، ان پر بھاری جرمانے اور دیگر سزائیں عائد کی جائیں گی۔

سعودی حکام کی جانب سے جاری کردہ نئے ضوابط کے مطابق، ان سزاؤں کا اطلاق یکم ذوالقعدہ (مطابق 18 اپریل) سے 14 ذوالحجہ تک ہوگا۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ ایسے افراد جو وزٹ ویزا رکھنے والوں کو مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات تک پہنچانے، انہیں رہائش دینے یا کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنے میں مدد کریں گے، ان پر زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ یہ جرمانہ ہر فرد کے حساب سے الگ الگ بھی لگایا جا سکتا ہے۔

قواعد کے مطابق اگر کوئی شخص حج اجازت نامے کے بغیر حج کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا۔ یہی سزا ان تمام وزٹ ویزا ہولڈرز پر بھی لاگو ہوگی جو مقررہ مدت کے دوران مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات میں داخل ہونے یا وہاں قیام کی کوشش کریں گے۔

وزارت نے مزید کہا ہے کہ جو افراد غیر قانونی طور پر لوگوں کو حج کے لیے مکہ لے جائیں گے یا انہیں رہائش فراہم کریں گے، ان کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔ اس کے علاوہ حج کے دوران استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی ضبط کی جا سکتی ہیں، خاص طور پر اگر وہ غیر قانونی نقل و حمل میں استعمال ہوئی ہوں۔

حکام کے مطابق جو افراد ان قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑے جائیں گے انہیں ملک بدر بھی کیا جا سکتا ہے اور بعض صورتوں میں 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ جس شخص کے خلاف سزا کا فیصلہ سنایا جائے گا، وہ 30 دن کے اندر متعلقہ کمیٹی کو شکایت درج کروا سکتا ہے، اور کمیٹی کے فیصلے کے خلاف 60 دن کے اندر انتظامی عدالت میں اپیل کرنے کا حق بھی حاصل ہوگا۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے شہریوں اور غیر ملکیوں سمیت تمام ویزا ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ وہ حج سے متعلق قواعد کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی اور جرمانے سے بچا جا سکے۔

وزارت نے عوام سے یہ بھی کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو 911 پر دیں۔

Similar Posts