بلوچستان میں گندم کے کاشتکاروں کے لیے تھریشر فیول سبسڈی اسکیم پر عمل درآمد کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
اس موقع پر، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ ابتدائی مرحلے میں 3102 کسانوں کے اکاوٴنٹس میں سبسڈی منتقل کر دی گئی، آئندہ 2 سے 3 روز میں مزید 13128 کاشتکاروں کو ادائیگیاں کی جائیں گی۔ صوبے بھر میں 85 ہزار سے زائد کسان رجسٹرڈ جبکہ 74 ہزار سے زائد کی تصدیق مکمل ہوچکی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تیار گندم کی فصل رکھنے والے چھوٹے زمینداروں اور کسانوں کو ترجیحی بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ فیول سبسڈی کے ذریعے تھریشر اخراجات میں کمی، کاشتکاروں پر اضافی مالی بوجھ کم ہوگا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن اور تصدیقی عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے، تمام اہل چھوٹے کاشتکاروں کو مرحلہ وار سبسڈی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ حکومت بلوچستان مشکل معاشی حالات میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے، زرعی پیداوار کے تحفظ کے لیے موٴثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔