سعودی عرب میں بڑی کارروائی: 436 جعلی حج مہمات بند، 462 افراد گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے رواں سال حج کے دوران 436 جعلی حج مہمات بند کر دیں اور 462 افراد کو قوانین کی خلاف ورزی میں مدد فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ یہ اعلان وزارت داخلہ کے سیکیورٹی ترجمان کرنل طلال الشلہوب نے جمعہ کے روز کیا۔

کرنل الشلہوب نے بتایا کہ یہ اقدامات ان سیکیورٹی و تنظیمی کوششوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد حجاج کرام کی سلامتی اور مناسک حج کی ادائیگی کو منظم انداز میں یقینی بنانا ہے۔ گرفتار کیے گئے افراد میں وہ لوگ شامل ہیں جو غیر مجاز حج مہمات کی تشہیر کر رہے تھے یا ایسے افراد کی مدد کر رہے تھے جو بغیر اجازت نامے کے مقدس مقامات میں داخل ہو رہے تھے۔

رواں سال حج میں ’ہیٹ اسٹروک‘ کے واقعات میں 90 فیصد کمی ریکارڈ

وزارت نے مزید بتایا کہ 49 دیگر خلاف ورزیوں میں 18 غیر ملکی اور 31 سعودی شہری شامل تھے جو 197 افراد کو بغیر حج پرمٹ مکہ مکرمہ لے جا رہے تھے۔

ایسے افراد کو بھاری سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جن میں 1 لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ، قید، غیر ملکیوں کی ملک بدری اور 10 سال کے لیے دوبارہ داخلے پر پابندی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، استعمال کی گئی گاڑیاں بھی ضبط کی جا سکتی ہیں۔ بغیر اجازت حج کرنے والے افراد پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

حج 2025 میں ”خفیہ حاجی“ کا حیران کن اور خاص کردار کیا ہے ؟ جانئے!

ایک اور واقعے میں 58 افراد کو بغیر پرمٹ مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا۔ ان تمام افراد کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

Similar Posts