پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن، 10 سے زائد دہشت گرد ہلاک

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب پولیس میانوالی اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے مکڑوال میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 10 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق میانوالی پولیس اور سی ٹی ڈی نے مکڑوال میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں 10 سے زائد دہشت گرد جہنم واصل کر دیے جبکہ آپریشن میں مزید دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک شہری ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا، جسے علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق آر پی او سرگودھا ریجن شہزاد آصف اور ڈی پی او میانوالی اختر فاروق نے آپریشن کی نگرانی کی، آپریشن کے دوران ڈی پی او میانوالی اختر فاروق سمیت پولیس، سی ٹی ڈی کے تمام افسران و اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف شاندار کامیابی پر شاباش دی اور کہا کہ پنجاب پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر دم لیں گے۔

Similar Posts