وفاقی آئینی عدالت کا خواتین میں وراثت کی تقسیم سے متعلق اہم فیصلہ
وفاقی آئینی عدالت نے وراثتی جائیداد کی تقسیم سے متعلق مقدمے میں قرار دیا ہے کہ کسی وارث کو محض ریونیو ریکارڈ یا کاغذی کارروائی کی بنیاد پر اس کے شرعی حصے سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اس کے خلاف دائر اپیلیں خارج کر دیں۔
چیف جسٹس امین الدین خان کے تحریر کردہ 11 صفحات پر مشتمل فیصلے میں اسلامی قانونِ وراثت کے اصولوں کی وضاحت کی گئی ہے۔
عدالت نے کہا کہ وراثت کی تقسیم محض خونی رشتے یا قرابت داری کی بنیاد پر نہیں بلکہ اسلامی قانون میں مقررہ حصوں اور قانونی زمروں کے مطابق ہوگی۔ براہِ راست مرد وارث نہ ہونے کی صورت میں بھی کوئی قریبی رشتہ دار خودبخود پوری جائیداد کا حق دار نہیں بن جاتا۔
فیصلے کے مطابق متوفی کی بیوہ اور بہنوں کے مقررہ شرعی حصے ادا کرنے کے بعد باقی ماندہ جائیداد پر قانونی عصبہ، یعنی قریبی مرد رشتہ دار، کا حق ہوتا ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ جب قانونی عصبہ موجود ہو تو وراثت میں ’رد‘ کا اصول لاگو نہیں کیا جا سکتا، جس کے تحت بچ جانے والا حصہ دوبارہ مقررہ حصے داروں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
عدالت کے مطابق اس مقدمے میں باقی ماندہ حصہ متوفی کے چچا زاد بھائی کو ملے گا۔
یہ مقدمہ شہری محمد اصغر کی وفات کے بعد ان کی جائیداد کی تقسیم کے تنازع سے متعلق تھا، جس میں ان کے چچا زاد بھائی نے وراثت میں اپنے حق کا دعویٰ کیا تھا۔
وفاقی آئینی عدالت نے ان کا دعویٰ درست قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ریونیو ریکارڈ میں اندراجات کسی وارث کے اصل شرعی حق کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ فیصلے کے ساتھ ماتحت عدالتوں کے احکامات برقرار رہے۔