پاکستان کو شکست دے کر بھارت نے ساف فٹبال چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

ساف فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دے کر 10 ویں بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا جب کہ پاکستان نے پہلے ہاف میں برتری حاصل کی تاہم بھارت نے دوسرے ہاف میں 2 گول کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

ساف فٹبال چیمپئن شپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان  ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ فائنل میں پاکستان نے کھیل کے پہلے ہاف میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عالمگیر غازی نے گول اسکور کرکے پاکستان کو بھارت کے خلاف ایک صفر کی برتری دلائی۔

دوسرے ہاف کے 61 ویں منٹ میں بھارت نے گول کرکے پاکستان کی برتری ختم کی۔ بھارت کی جانب سے پہلا گول سہیل بھٹ نے کیا۔ بھارت کی جانب سے  دوسرا گول کھیل کے 88 ویں منٹ میں سندیپ نے کیا اور بھارت کو 1-2 برتری دلا دی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔

میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑی جنید کو فاؤل پر ریڈکارڈ دکھایا گیا جس کے بعد پاکستان نے بقیہ وقت میں میچ 10 کھلاڑیوں سے کھیلا۔ بھارت کے خلاف فائنل میں قومی ٹیم کی قیادت عبداللہ اقبال کر رہے تھے۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے میچ کے آخری لمحات میں مقابلہ برابر کرنے کے لیے بھرپور حملے کیے تاہم بھارتی دفاع کو توڑنے اور مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

اس طرح بھارت نے پاکستان کو دو ایک سے شکست دے کر ساف فٹبال چیمپئن شپ کا ٹائٹل 10 ویں بار اپنے نام کرلیا جب کہ پاکستان کو فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو ایک صفر سے شکست دے کرفائنل میں جگہ بنائی تھی۔

واضح رہے کہ  پاکستان پہلی بار ساف فٹبال چیمپئن شپ کا فائنل کھیل رہا تھا اور قومی ٹیم کے پاس پہلی مرتبہ ساف چیمپئن شپ جیت کرنئی تاریخ رقم کرنےکا موقع تھا جو اس نے گنوادیا۔

Related posts