مقبوضہ کشمیر میں ایک ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، واقعے کے بعد علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں ایک مسافر گاڑی گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 16 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں حادثے کی تصدیق کی۔ انھوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد انھوں نے ادھمپور کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) منگا شیرپا سے بات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں ۔
بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری یا ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں، تاہم ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔