زمبابوین فاسٹ بولر کے بعد سری لنکن کرکٹر پر بھی پی ایس ایل کے دروازے بند

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ موزاربانی کے بعد سری لنکا کے آل راؤنڈر داسن شناکا پر بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے ایک سال کی پابندی عائد کردی ہے۔

پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹر ڈاسن شناکا کے حوالے سے لاہور قلندرز اور پی ایس ایل سے متعلق معاہدے کی خلاف ورزی پر حتمی فیصلہ جاری کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اگلے ایڈیشن (پی ایس ایل 12، 2027) میں شرکت کے لیے نااہل قرار دیتے ہوئے ایک سال کے لیے پابندی عائد کی ہے۔

پی سی بی کے مطابق ڈاسن شناکا نے 21 مارچ 2026 کو پی ایس ایل سے یکطرفہ طور پر دستبرداری اختیار کی تھی، جو پلیئر رجسٹریشن شرائط اور سہہ فریقی معاہدے کی واضح خلاف ورزی ہے۔ بورڈ کے مطابق ان کی جانب سے دی گئی وجوہات موجودہ معاہداتی فریم ورک کے تحت قابلِ قبول نہیں تھیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ اگرچہ کھلاڑی نے سماعت کے دوران پاکستان اور پی ایس ایل سے وابستگی کا اظہار کیا اور افسوس کا اظہار بھی کیا تاہم معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کے باعث تادیبی کارروائی ناگزیر تھی۔

دوسری جانب ڈاسن شناکا نے اپنے بیان میں پی ایس ایل سے دستبرداری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان، پی ایس ایل شائقین اور لاہور قلندرز کے مداحوں سے معذرت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں کھیلنے کے تجربے کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مستقبل میں دوبارہ پی ایس ایل میں بہتر تیاری اور اعتماد کے ساتھ واپسی کی امید رکھتے ہیں۔

پی سی بی نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ لیگ کے پیشہ ورانہ معیار اور معاہداتی نظام کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے سخت فیصلے ضروری ہیں تاکہ پی ایس ایل برانڈ کی ساکھ اور تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم نے سری لنکن کھلاڑی داسن شاناکا کو پلیئرز آکشن میں اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ موزاربانی پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں 2 سال کے لیے پاکستان سپر لیگ میں شرکت سے روک دیا تھا۔

واضح رہے کہ موزاربانی نے پی ایس ایل سیزن 11 چھوڑ کر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت کو ترجیح دی تھی جسے معاہدے کی صریح خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا۔

زمبابوے کے فاسٹ بولر اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے جس کے بعد اُن کا بھارتی لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ معاہدہ طے ہوا تھا۔

Similar Posts