لاہور: بیویوں کو قتل کرنے والے 2 شوہر گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read
لاہور میں پولیس نے اپنی بیویوں کو قتل کرنے والے 2 شوہروں کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کاہنہ نے ٹیم کے ہمراہ ضلع ساہیوال سے بیوی کے قتل میں ملوث ملزم آصف کو گرفتار کرلیا، ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ صائمہ بی بی 5 بچوں کی ماں اور سادھوکی گاؤں میں رہائش پذیر تھی، صائمہ بی بی اور ملزم کے مابین اکثر گھریلو جھگڑا رہتا تھا۔

ملزم آصف نے ایک ہفتہ قبل اپنے ساتھی سے مل کر چھری سے بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کیا، مرکزی ملزم قتل کے بعد ساتھی کے ہمراہ موقع سے فرار ہو گیا تھا، ملزم کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن حکام کے حوالے کردیا گیا جبکہ اسکے دوسرے ساتھی کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے شاہدرہ کے علاقہ میں اسکول ٹیچر بیوی کو قتل کرنیوالے سفاک شوہر کو گرفتار کرلیا،  ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے قتل کی اس سنگین واردات کا نوٹس لیا تھا۔

ایس پی سٹی فرحت عباس کی سربراہی میں پولیس ٹیم کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا، انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شاہدرہ انسپکٹر اختر علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن سٹی کے مطابق ملزم نے گھریلو ناچاقی پر فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا تھا، ملزم کو پیشہ وارانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

Similar Posts