ترجمان کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ یہ کارروائی ایم ایس بلو ٹیک الیکٹرک پرائیویٹ لمیٹڈ کی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔
چھاپا مار کارروائی کے دوران ملزم تنظیم تاج جو کہ مبینہ طور پر کمپنی کا مالک بتایا جاتا ہے کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے بڑی تعداد میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی سے متعلق مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ملزم کے خلاف متعلقہ قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر عناصر کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔