نیتن یاہو اور اسرائیلی سیاستدان اسلام آباد مذاکرات کی ناکامی کے خواہش مند، پلان کیا ہے؟

0 minutes, 0 seconds Read

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو اور دیگر سیاست دان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کی امید کر رہے ہیں۔ قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق، اس خواہش کے پیچھے اصل مقصد یہ ہے کہ اسرائیل نہ صرف ایران بلکہ لبنان میں بھی اپنی جنگ کو جاری رکھ سکے۔

رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت کی وجہ سے اس وقت ایران جنگ میں جو عارضی وقفہ آیا ہے، وہ اسرائیلی حکومت کو کسی طور بھی پسند نہیں ہے کیونکہ ان کا دعویٰ رہا ہے کہ وہ ایران اور لبنان دونوں محاذوں پر بڑی کامیابیاں حاصل کرنے والے ہیں۔

رپورٹ میں تجزیہ کاروں کے حوالے سے کہا گیا کہ اسرائیلی حکومت جو پہلے ان دونوں محاذوں کو الگ الگ قرار دیتی تھی، اب خود کو جنوبی لبنان میں پھنسا ہوا محسوس کر رہی ہے جہاں اس کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کے باوجود دھمکیوں کا سلسلہ تھما نہیں ہے۔

حال ہی میں اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم کو مخاطب کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ انہیں بھاری قیمت چکانی پڑے گی اور اسرائیل انہیں ختم کر دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لبنانی حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور ان مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا چاہیے۔

اسرائیلی حکومت اس وقت نہ صرف لبنانی حکومت سے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے بلکہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے رہی ہے۔

اسرائیلی حکام اس بات سے بھی بخوبی واقف ہیں کہ شمالی اسرائیل کی آبادیوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جو مسلسل حزب اللہ کے راکٹ حملوں کا نشانہ بن رہی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ اسرائیلی حکومت کا خیال ہے کہ انہیں مزید سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اسرائیلی حکومت کی نظر میں ان اقدامات کا مطلب لبنان میں اپنی فوجیں تعینات رکھنا، مقبوضہ علاقوں سے واپسی سے انکار کرنا اور کسی بھی ایسے ممکنہ معاہدے کو سبوتاژ کرنا ہے جو انہیں لبنان اور ایران میں مزید اہداف کو نشانہ بنانے سے روک سکے۔

اسرائیل کی یہ پالیسی ظاہر کرتی ہے کہ وہ خطے میں امن کے بجائے عسکری طاقت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کو ترجیح دے رہا ہے، جس کی وجہ سے اسلام آباد میں ہونے والی امن کی کوششوں پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

Similar Posts