غزہ میں امدادی سامان لے جانے والی گاڑی پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 3 فلسطینی جاں بحق

غزہ شہر میں امدادی سامان تقسیم کرنے والی ایک گاڑی کو اسرائیلی فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت اور عینی شاہدین نے بتایا کہ ہفتے کے روز اسرائیلی حملے میں اس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں فلاحی ادارے ورلڈ سینٹرل کچن کے لیے کھانے پینے کا سامان اور دستاویزات موجود تھیں۔

تاہم ورلڈ سینٹرل کچن نے واضح کیا ہے کہ حملے کا نشانہ بننے والی گاڑی کا اس کے ادارے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ علاقے میں متعدد عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم اس نے حملے کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ فوج نے اس سوال کا بھی فوری جواب نہیں دیا کہ امدادی سامان لے جانے والی گاڑی کو کیوں نشانہ بنایا گیا۔

ایک عینی شاہد ابو زین الدایہ نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ گاڑی بچوں میں کھانا اور مشروبات تقسیم کرنے کے لیے رکنے ہی والی تھی کہ اسے میزائل سے نشانہ بنا دیا گیا۔ حملے کے بعد گاڑی کے قریب پکے ہوئے چاول بکھرے ہوئے تھے۔

’رائٹرز‘ کے مطابق اسرائیلی فوج نے 2024 میں بھی ورلڈ سینٹرل کچن کے 7 کارکنوں کو ایک حملے میں ہلاک کیا تھا، جن میں آسٹریلیا، برطانیہ اور پولینڈ کے شہری شامل تھے۔

اسرائیلی فوج نے اس وقت واقعے میں سنگین غلطیوں اور طریقہ کار کی خلاف ورزیوں کا اعتراف کیا تھا، تاہم 2026 میں اس نے کہا کہ واقعے کی فوجداری تحقیقات شروع کرنے کی کوئی بنیاد نہیں ملی۔

اکتوبر 2025 میں امریکا کی حمایت سے ہونے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں۔

فلسطینی اور اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک کم از کم 1600 فلسطینی اور 5 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ’رائٹرز‘ کے مطابق اسرائیلی فوج اس وقت غزہ کے تقریباً دو تہائی علاقے پر کنٹرول رکھتی ہے۔

Related posts