راولپنڈی: کریانہ اسٹور پر ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر دکاندار قتل

0 minutes, 0 seconds Read
راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ پر شاہ پور سٹاپ کے قریب ایک کریانہ سٹور پر ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر دکاندار کو قتل کر دیا گیا۔

پولیس اور ریسکیو 1122 کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے سٹور میں ڈکیتی کی کوشش کی، تاہم مزاحمت کرنے پر انہوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 30 سالہ دکاندار عبدالمالک موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیم نے پولیس کارروائی کے بعد لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا، جہاں بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے لیے ضروری کارروائی مکمل کی جائے گی۔

پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ابتدائی طور پر واقعے کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کا کیس قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حکام کے مطابق تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Similar Posts