مریم نواز نے چوہدری شوگر مل کے لیے جمع کرائے سات کروڑ روپے واپس مانگ لیے

0 minutes, 0 seconds Read
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چوہدری شوگر مل کے لیے بطور گارنٹی لاہور ہائی کورٹ میں کرائے گئے سات کروڑ روپے واپس لینے کے لیے درخواست دائر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ مریم نواز کی جانب سے وکیل جاوید ارشد بھٹی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

موقف اختیار کیا گیا کہ چوہدری شوگر مل میں سات کروڑ روپے بطور گارنٹی جمع کروائے گئے، نیب نے شوگر مل کیس ختم کردیا، عدالت ہائی کورٹ میں جمع ہوئے سات کروڑ روپے واپس کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے نیب کے وکیل سے سپریم کورٹ سے درخواست واپس لینے کی دستاویزات طلب کرلیں۔

وکیل نیب نے کہا کہ ہم نے سپریم عدالت میں درخواست دائر کی تھی مگر اس پر اعتراض لگا ہوا تھا، آفس اعتراض کے بعد ہم نے دوبارہ درخواست دائر نہیں کی۔

عدالت نے کہا کہ آپ سپریم عدالت میں درخواست واپس لینے کی دستاویزات پیش کریں جس پر نیب کے وکیل نے درخواست واپسی کی دستاویزات جمع کروانے کی مہلت طلب کی۔

عدالت نے سماعت چار مئی تک ملتوی کردی۔

Similar Posts