تعلیم کے شعبے میں اہم پیشرفت، نجی شعبے کی شراکت سے جدید تعلیمی نظام متعارف کرانے کی تیاری

0 minutes, 0 seconds Read
پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں بین الاقوامی سطح پر کامیاب تجربات کے بعد نجی شعبے کی شراکت سے ایک جدید تعلیمی نظام متعارف کروانے کی تیاری کی جا رہی ہے اور اس نئے ماڈل کا مقصد طلبہ کو محض روایتی تعلیم تک محدود رکھنے کے بجائے ان کی سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور مسائل حل کرنے کی مہارت کو فروغ دینا ہے۔

نئے ماڈل کے تحت ‘ایجوکیشن ٹرانسفارمیشن موومنٹ (ای ٹی ایم)’ کا آغاز کردیا گیا ہے، جس سے صرف ایک نصابی تبدیلی نہیں بلکہ مکمل تعلیمی انقلاب قرار دیا جا رہا ہے اور اس نظام میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، انٹرنیٹ آف تھنگز اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کو تعلیم کا حصہ بنایا جائے گا۔

نئے تعلیمی فریم ورک میں ‘اسٹیم فریم ورک’ کے تحت سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی کو یکجا کر کے طلبہ کی تخلیقی اور فکری صلاحیتوں کو مضبوط کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار اور سیرتِ نبوی ﷺ کو بھی نظام کا مرکزی حصہ بنایا گیا ہے تاکہ طلبہ نہ صرف قابل بلکہ باکردار شہری بن سکیں۔

اس پروگرام کے تحت اسکولوں میں ‘ڈسکوری اینڈ انوویشن ہبز’ قائم کیے جائیں گے جہاں طلبہ خود سیکھنے، سوال کرنے اور حقیقی مسائل کے حل تلاش کرنے کی عملی مشق کریں گے، اس نئے نظام میں روایتی امتحانات کے دباؤ کو کم کر کے سیکھنے کے عمل کو زیادہ مؤثر اور دلچسپ بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان کے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Similar Posts