حکومت پنجاب کے محکمہ داخلہ نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت کھلی فضا میں ڈرون اُڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے، جس کے مطابق اب یہ پابندی 25 مئی تک برقرار رہے گی۔
حکام کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر آؤٹ ڈور ڈرون فلائنگ پر مکمل پابندی ہوگی، تاہم ہالز اور مارکیز میں ہونے والی اندرونی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے، جس کی محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔
اس کے علاوہ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ، امن و امان کے قیام اور املاک کی حفاظت اولین ترجیح ہے، جبکہ صوبے بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔