وزیراعظم اور بلاول بھٹو کی اہم ملاقات آج، نہری منصوبوں پر بات چیت متوقع

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اہم ملاقات آج شام اسلام آباد میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سندھ حکومت کے تحفظات اور نہری منصوبوں سے متعلق وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی اس اہم ملاقات میں شریک ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ آج شام اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں وہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کینالز کے معاملے پر شہباز حکومت کی حمایت ختم کرنے کی دھمکی دے دی

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے دریائے سندھ پر مجوزہ نہری منصوبوں کے حوالے سے کوئی بڑا اعلان یا اقدام متوقع ہے، جس پر سندھ حکومت نے پہلے ہی سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلاول بھٹو کو ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے اس حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینئر قیادت کو اسلام آباد طلب کیا ہے، مشاورت کے بعد بلاول وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے اجلاس میں کینالز منصوبہ اور ملک کی موجودہ سیاسی اور علاقائی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب سندھ بھر میں وکلا کی ہڑتال اور سیاسی حلقوں میں نہری منصوبوں پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ملاقات مستقبل کی سیاسی ہم آہنگی اور مرکز و صوبے کے تعلقات کے حوالے سے اہمیت کی حامل ہے۔

Similar Posts