کراچی انٹرنیشنل بُک اینڈ ایڈ ٹیک فیئر 2026 یکم سے 3 مئی سجنے کو تیار

0 minutes, 0 seconds Read
پاکستان کا سب سے بڑا تعلیمی اور ٹیکنالوجی ایونٹ ’کراچی انٹرنیشنل بُک اینڈ ایڈ ٹیک فیئر 2026‘ اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ سجنے کو تیار ہے۔ ایم ٹیک سسٹمز، اردو اکیڈمی سندھ اور اوربٹ ایڈورٹائزنگ کے اشتراک سے منعقد ہونے والا یہ سہ روزہ بک اینڈٹیک فیئر یکم مئی سے 3 مئی تک کراچی ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 2 اور 3 میں علمی و فنی روشنی بکھیرے گا۔

کراچی انٹرنیشنل بُک اینڈ ایڈ ٹیک فیئر 2026 کے چیئرمین علی کے چشتی نے تیاریوں کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس میگا ایونٹ کے تمام اسٹالز پہلےہی بک ہوچکےہیں، جو عوام اور اداروں کی بھرپور دلچسپی کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیسٹیول روایتی کتب میلوں کی حدوں کو توڑتے ہوئے تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کا ایک ایسا سنگم ثابت ہوگا جہاں کتاب کی خوشبو اور ڈیجیٹل جدت ایک ساتھ میسر ہوں گی۔ اس میلے میں 200 سے زائد بُک اور ایڈ ٹیک اسٹالز لگائے جائیں گے جبکہ 75 سے زائد قومی و بین الاقوامی ایڈ ٹیک ادارے اپنی جدید ترین مصنوعات اور تعلیمی خدمات پیش کریں گے۔

ایونٹ کی نمایاں خصوصیات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ روبوتھون 3.0 اس میلے کی سب سے بڑی کشش ہوگی، جہاں روبوٹکس کے سنسنی خیز مقابلوں میں ملک بھر کے باصلاحیت طلبہ اپنی تکنیکی مہارتوں اور حیرت انگیز ایجادات کا لوہا منوائیں گے۔

اسی طرح انٹرنیشنل پویلین میں عالمی پبلشرز اور بین الاقوامی ایڈ ٹیک اداروں کی شرکت علمی روابط کو عالمی سطح پر جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ مستقبل کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل لیٹریسی کے موثر استعمال پر خصوصی تربیتی سیشنز اور ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ فِن ٹیک پارٹنرز کے طور پر معروف بینک اور مالیاتی ادارے جدید ڈیجیٹل بینکنگ اور فنانشل ٹیکنالوجی کی سہولیات سے شرکاء کو روشناس کرائیں گے۔ میلے کی ادبی کہکشاں میں کتابوں کی رونمائی، نامور مصنفین سے ملاقاتیں، علمی مباحثے اور اسٹارٹ اپ شوکیس اس ایونٹ کو چار چاند لگائیں گے۔

خدمات کا اعتراف اور انعامات کے سلسلے میں ایک باوقار تقریبِ پذیرائی بھی منعقد کی جائے گی جس میں تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

علی کے چشتی نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم نوجوانوں میں تخلیقی سوچ بیدار کرنے کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ شرکا کی دلچسپی کے لیے لکی ڈرا، قیمتی تحائف اور انٹرایکٹو لرننگ زونز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

Similar Posts