صدرمملکت کا چین میں ماؤے تنگ کے آبائی شہر اور تاریخی مقامات کا دورہ

0 minutes, 0 seconds Read
صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین میں انقلابی رہنما ماؤزے تنگ کے آبائی اور تاریخی شہر شاؤشان کا دورہ کیا اور چیئرمین ماؤ زے تنگ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے چین کے صوبے ہونان کے شہر شاؤشان میں عظیم انقلابی رہنما چیئرمین ماؤ زے تنگ کے آبائی شہر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیچو اسکوائر میں ان کے مجسمے پر گلدستہ رکھ کر خراج عقیدت پیش کیا۔

سینئر چینی رہنما لی جیانگ اور ڈائریکٹر شاؤشان ایڈمنسٹریشن ژانگ شی ہوئی نے صدر آصف علی زرداری کا استقبال کیا، اس موقع پر صدر مملکت کو چیئرمین ماؤ زے تنگ کی زندگی، جدوجہد اور ان کے انقلابی سفر سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

صدر کو آگاہ کیا گیا کہ شاؤشان میں قائم یادگاری ادارے چین کی انقلابی تاریخ کو محفوظ رکھنے اور نئی نسل میں تاریخی شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب کے بعد صدر نے ماؤ زے تنگ میموریل میوزیم کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، فکر اور سیاسی ورثے کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا اور صدر پاکستان نے تاریخی نوادرات، ریکارڈز اور تصاویر کا مشاہدہ کیا اور چین کی انقلابی تاریخ کے اہم مراحل کو اجاگر کیا گیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ چیئرمین ماؤ زے تنگ نے چین کی تاریخ میں انقلابی تبدیلی کی بنیاد رکھی، ان کی قیادت، جدوجہد اور وژن آج بھی چین کی ترقی میں جھلکتا ہے۔

انہوں نے چیئرمین ماؤ زے تنگ کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تاریخی مقامات کا تحفظ نہ صرف ماضی کو زندہ رکھتا ہے بلکہ جدید چین کی ترقی کو سمجھنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔

اس موقع پر صدر کے ہمراہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، سید قاسم نوید قمر، چیف سیکریٹری سندھ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔

Similar Posts