پکاقلعہ، تین نمبر تالاب، ٹنڈو طیب، کمہار پاڑہ سمیت دیگر علاقوں کے مکین پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔
اسی طرح مکھی باغ، اوڈین سنیما اور پاور ہاؤس روڈ کے رہائشی بھی پانی کی قلت سے پریشان ہیں جہاں روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کروانے کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا جا سکا۔
پانی کی طویل بندش کے خلاف متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے اسلام آباد چوک پر احتجاج کیا اور سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
مظاہرین نے احتجاج کے دوران فاضل اشیاء جلا کر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور واٹر کارپوریشن کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک جانب شدید گرمی کی لہر جاری ہے تو دوسری طرف پانی کی عدم دستیابی نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ان کے مطابق کئی ہفتوں سے نہ صرف گھریلو استعمال بلکہ پینے کے پانی کی بھی شدید قلت ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا کہ پکاقلعہ واٹر سپلائی اور ہالاناکہ فلٹر پلانٹ پر بارہا شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی کی فراہمی بحال کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔