سندھ میں ٹرانسپورٹ کا نظام جدید بنانے کے لیے حکومت کا اہم اقدام

0 minutes, 0 seconds Read
حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹ کا نظام جدید بنانے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔

صوبے میں ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سندھ حکومت نے  ایک اہم اور فیصلہ کن اقدام کرتے ہوئے صوبے بھر میں تمام روٹ پرمٹس اور وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹس کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

اس حوالے سے صوبے میں روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کے لیے 30 جون 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دستاویزات کی تصدیق کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ ریگولیٹری نظام کو مکمل طور پر خودکار اور ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے، جبکہ صوبے بھر میں کمرشل گاڑیوں کے تمام روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کو ڈیجیٹل نظام میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر گاڑی مالک اور ٹرانسپورٹر کو قابلِ تصدیق اور آن لائن دستیاب دستاویزات فراہم کی جائیں گی، جبکہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں اس عمل کو فوری طور پر مکمل کریں۔

مزید برآں تمام ٹرانسپورٹرز کو بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ وہ رجسٹریشن کا عمل شروع کر سکیں۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق فیلڈ دفاتر کو روزانہ 1000 اندراجات مکمل کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں، جبکہ 30 جون 2026 کے بعد تمام مینئول روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس غیر مؤثر تصور ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقررہ تاریخ کے بعد صرف ڈیجیٹل دستاویزات ہی قابل قبول ہوں گی اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے ۔ اس ڈیجیٹائزیشن سے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے سہولت بھی پیدا ہوگی اور جعلسازی کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔

 

Similar Posts