سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں دیپک پروانی نے بتایا کہ مسلح ملزمان مختلف مواقع پر ان سے گاڑی، موٹر سائیکل اور نقد رقم چھین کر فرار ہو گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ محض انفرادی نہیں بلکہ کراچی میں جرائم کی بگڑتی ہوئی مجموعی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔
فیشن ڈیزائنر کے مطابق ان کے اسٹاف کے افراد بھی مسلسل جرائم کی لپیٹ میں آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ملازم کے گھر میں صرف ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ چوری ہوئی، جبکہ ایک اور ملازم کے بیٹے کو بھتہ نہ دینے پر تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔
In three months I’ve had a car stolen a motorcycle and cash on gun point . Crime is on the rise in karachi people are dying inflation is through the roof . A workers house has been robbed twice this month . Ones son has been beaten for extortion.#pakistan
— Deepak perwani (@DPerwani) April 27, 2026
دیپک پروانی نے کراچی میں بڑھتی بدامنی، مہنگائی اور عوامی مشکلات پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں حالات خطرناک رخ اختیار کرچکے ہیں، جہاں شہری نہ صرف مالی نقصان بلکہ جانی خطرات سے بھی دوچار ہیں۔
ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ردعمل دیتے ہوئے کراچی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا۔ متعدد صارفین نے شہر کو بڑھتے جرائم کے باعث غیر محفوظ قرار دیا، جبکہ کئی افراد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ دیپک پروانی پاکستان کی فیشن انڈسٹری کا ایک نمایاں نام ہیں، جو کئی بین الاقوامی و قومی اعزازات حاصل کر چکے ہیں اور دنیا کا سب سے بڑا کرتا ڈیزائن کرنے کا منفرد ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ تاہم ان جیسے معروف فرد کا بار بار جرائم کا نشانہ بننا کراچی میں سیکیورٹی کی سنگینی کو مزید نمایاں کر رہا ہے۔