’اپنا گھر، اپنا آشیانہ‘ پروگرام میں گھروں کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’اپنا گھر، اپنا آشیانہ‘ پروگرام کے تحت غریبوں کے لیے جتنے گھر بنانے پڑے بنائے جائیں گے، اس حوالے سے ایک لاکھ، دو لاکھ یا پانچ لاکھ گھروں کی کوئی حد مقرر نہیں۔ انہوں نے بینکوں کو قرضوں کی منظوری تیز رفتاری سے کرنے اور اس عمل میں سیاسی مداخلت برداشت نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج ان کے اور حکومت کے لیے خوشی کا دن ہے۔ جن لوگوں کو گھر ملا ہے اور جنہیں پروگرام کے تحت قرضے فراہم کیے گئے ہیں، وہ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔
شہباز شریف نے اپنے انتخابی حلقے میں ایک گھر کے دورے کا واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ وہ پورا گھر صرف ایک کمرے پر مشتمل تھا۔ گھر کے بچے یتیم تھے، وہاں چند برتن پڑے تھے اور ایک کمزور بچی چارپائی پر لیٹی ہوئی تھی۔
وزیراعظم کے مطابق انہوں نے وہاں موجود خاتون سے پوچھا کہ وہ کیا کام کرتی ہیں تو خاتون نے بتایا کہ وہ کپڑے سینے کا کام کرتی ہیں اور ان کے خاندان کا مشکل سے گزارا ہوتا ہے۔ خاتون نے یہ بھی بتایا کہ ان کی بیٹی بیماری میں مبتلا ہے اور داماد نے اسے واپس بھیج دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کے حصول کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے خون کے دریا عبور کیے تھے، لیکن آج بھی ملک میں بڑی تعداد میں لوگ چھت، تعلیم اور روزگار سے محروم ہیں۔ یہ وہ پاکستان نہیں تھا جسے سامنے رکھ کر قائداعظم نے عظیم تحریک چلائی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں نواز شریف کی قیادت میں آشیانہ اسکیم شروع کی گئی تھی۔ آج جن اقدامات کی ضرورت ہے، ان کی طرف تیزی سے قدم بڑھانا ہوں گے۔ وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر اس سمت میں کام کرنا ہوگا۔ پنجاب اور سندھ سمیت دیگر صوبوں میں بھی ایسے پروگرام جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے جتنے بھی وسائل فراہم کیے جائیں، وہ کم ہوں گے۔ وفاق کے پاس وسائل بھی محدود ہیں، تاہم حکومت کو اس منصوبے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بینکوں نے اس شعبے میں کبھی کوئی قابل ذکر کردار ادا نہیں کیا۔ ایک سابق حکومت کے دور میں بھی ہاؤسنگ اسکیم شروع کی گئی تھی، جس کا نام وہ نہیں لینا چاہتے، لیکن وہ اسکیم غریبوں کے بجائے اشرافیہ کے لیے تھی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ انہیں ماضی قریب میں شروع کی گئی ہاؤسنگ اسکیم کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی، جس میں چار اور دو کنال کے بڑے بڑے گھر شامل تھے۔ یہ دیکھ کر وہ حیران رہ گئے کہ وہ گھر محل نما تھے۔
انہوں نے کہا کہ اشرافیہ اور بڑے لوگ تو اپنے لیے گھر بنا سکتے ہیں، انہیں بینکوں سے قرض لینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اصل میں گھر غریب لوگوں کی ضرورت ہے اور ہاؤسنگ اسکیموں کا مقصد بھی کم آمدن والے افراد کو اپنی چھت فراہم کرنا ہونا چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ایسی خدمت ہے جس سے دین اور دنیا دونوں حاصل ہوں گے۔ اگر وہ غریب لوگوں کو گھر نہیں دے سکتے تو انہیں اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہیں اپنی ذات کے بجائے اس منصوبے کی مقبولیت اور کامیابی مطلوب ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ابتدا میں بینک اس منصوبے میں شامل ہونے کے لیے تیار نہیں تھے، کیونکہ انہیں خطرہ مول لینے کی عادت نہیں رہی تھی، لیکن اب الحمدللہ یہ سفر شروع ہوچکا ہے اور بہت آگے بڑھے گا۔
انہوں نے بینکوں کو ہدایت کی کہ قرضوں کی منظوری بجلی کی رفتار سے دیں اور قرضوں کی فراہمی کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرٹ پر کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والا شخص قرضے کا اہل قرار پاتا ہے تو اسے ضرور قرض ملنا چاہیے۔
شہباز شریف نے ایک بزرگ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کہا تھا کہ قرض حاصل کرتے وقت کسی نے ان سے یہ نہیں پوچھا کہ ان کا تعلق کس سیاسی جماعت سے ہے۔ وزیراعظم نے اسے اصل شفافیت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر وزیراعظم بھی کسی ایسے شخص کے لیے غلط سفارش کرے جو میرٹ پر پورا نہیں اترتا تو اسے صاف انکار کردیا جائے۔ قرضوں کی فراہمی کے عمل میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس پروگرام میں نہ کوئی کرپشن ہوئی ہے اور نہ ہی اقربا پروری، یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ بینک میرٹ کی بنیاد پر قرضے فراہم کرنے کے لیے آسانیاں پیدا کریں، کیونکہ یہ وسائل قوم کے ہیں اور ان پر حق صرف مستحق افراد کا ہے۔
انہوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے کابینہ میں فعال کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس عظیم منصوبے کو قبول کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو کام کرنا ہے، یہ وسائل قوم کے ہیں اور انہیں ان لوگوں تک پہنچنا چاہیے جو ان کے حقدار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کی کوئی تعداد مقرر نہیں اور غریبوں کے لیے جتنے گھر بنانے پڑے، بنائے جائیں گے۔
معاشی استحکام کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، وزیر خزانہ
وزیراعظم سے قبل وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آچکا ہے، تاہم یہ ایک جائز سوال ہے کہ اس کے فوائد عام پاکستانی تک کب پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے حکومت نے کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور کوشش ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ محمد اورنگزیب کے مطابق ’اپنا گھر‘ پروگرام پورے پاکستان میں جاری ہے، جب کہ چھوٹے کاروبار کی ترقی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ ہدف کے تحت دی جانے والی سبسڈی سے 20 لاکھ خاندان مستفید ہورہے ہیں اور کم آمدن والے طبقے کو ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔ موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر سبسڈی بھی دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر عطا تارڑ کا خطاب
وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ’اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی ایک اہم سنگ میل ہے۔ پروگرام کی کامیابی کے لیے متعدد اجلاس منعقد کیے گئے اور وزیراعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ فریقوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت کئی خواتین نے اپنے مکانات تعمیر کیے اور انہیں حقیقی معنوں میں گھر بنایا ہے۔