اطلاعات ہیں بھارت حملے کی تیاری کررہا ہے، کالعدم ٹی ٹی پی کے ذریعے پاکستان پر حملہ آور ہوسکتا ہے، خواجہ آصف

0 minutes, 0 seconds Read

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اطلاعات ہیں بھارت حملے کی تیاری کررہا ہے، کالعدم ٹی ٹی پی کے ذریعے پاکستان پر حملہ آور ہوسکتا ہے، بھارت نے پلوامہ میں منہ کی کھائی، اب بھی ایساہی ہوگا، بھارت نے پلوامہ کے بعد منہ کی کھائی، اب بھی ایسا ہی ہوگا۔

اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے اہم انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق بھارت کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو اسلحہ اور دھماکا خیز مواد فراہم کر رہا ہے تاکہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کیا جا سکے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت آئی ای ڈیز (بم دھماکوں کے لیے استعمال ہونے والے آلات) اور دیگر مہلک ہتھیار افغان طالبان کے ذریعے کالعدم گروپوں تک پہنچا رہا ہے، ان کے مطابق، بھارت اس خطے میں اپنی پرانی پالیسیوں کو دہرا رہا ہے اور مودی حکومت ”گجرات والی سوچ“ کو لے کر چل رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کوئی جارحانہ اقدام کیا تو اسے ایک بار پھر پلوامہ واقعے کے بعد کی طرح ”منہ کی کھانی“ پڑے گی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر بھارت کی جانب سے کوئی اقدام کیا گیا تو پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔

Similar Posts