اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے چیئرمین کی ہدایت پر 28 اپریل سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2025 مؤخر کر دیے ہیں۔ بورڈ کے ترجمان کے مطابق اب یہ امتحانات 5 مئی 2025ء سے شروع ہوں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امتحانی نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے امتحانات کے آغاز کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے، تاکہ امتحانی مراکز پر جاری میٹرک کے امتحانات کے عمل کو بھی مدنظر رکھا جا سکے۔ بعض مراکز ایسے ہیں جہاں اس وقت بھی میٹرک کے امتحانات جاری ہیں، اس لیے انٹر کے امتحانات کے آغاز میں چند روز کی تاخیر کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ خصوصی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں امتحانی پرچوں میں گریس مارکس دینے کے عمل پر بھی کام جاری ہے، تاکہ طلبہ کو غیر معمولی حالات میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے طلبہ اور والدین سے گزارش کی ہے کہ وہ نئے شیڈول کے مطابق اپنی تیاری جاری رکھیں اور بورڈ کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں۔