ری سیٹ ضروری ہے مگر جمہوری اور سیاسی ہونا چاہئے: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی اور جمہوری نظام کی بہتری کے لیے ’ری سیٹ‘ ضروری ہے مگر اس کا فیصلہ کاروباری طبقے نے نہیں بلکہ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز نے کرنا ہے۔

ملتان پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے آئینی ترامیم، پارلیمان کی فعالیت، انتخابی عمل، نظامِ احتساب کے علاوہ ملک کی معاشی صورت حال پر بھی اظہار خیال کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’‏ری سیٹ‘ کی بات میں نے شروع نہیں کی مگر ری سیٹ ہوناچاہئے اور یہ عمل سیاسی اور جمہوری طریقے سے ہونا چاہیے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کے مطابق 1973 کا آئین خود بخود ناکام نہیں ہوا بلکہ اسے ناکام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کو ری سیٹ سے پہلے یہ تشخیص کرنا ضروری ہے کہ یہ نظام ناکام کیوں ہوا، کیوں کہ بیماری کی تشخیص کے بغیر علاج ممکن نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کہ ملک کا نظام کس طرح تبدیل ہونا چاہیے اس کا فیصلہ کوئی اور نہیں کرسکتا بلکہ اس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ ملانا ہوگا۔

27ویں آئینی ترمیم

بلاول بھٹو نے کہا کہ 1973 کے متفقہ آئین میں بڑی طاقت ہے اور اگر اکثریت کی بنیاد پر ہی آئین بنانا ہوتا تو پیپلز پارٹی اپنے منشور کو ہی آئین بنا دیتی، اسی طرح آئینی ترمیم کے لیے بھی اتفاق رائے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور اپوزیشن کو بھی اعتماد میں لیا تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو موجودہ عدالتی نظام پر اعتماد نہیں ہے۔

انتخابی اصلاحات کمیٹی میں پی ٹی آئی کی شمولیت

چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کی کمزوری کی ایک وجہ اپوزیشن کا کردار بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل ہونا چاہیے اور حکومت کو ان کا اعتماد بھی بحال کرنا ہوگا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کمیٹیوں کے بائیکاٹ سے کیا فائدہ ہو رہا ہے؟

بلاول بھٹو نے خصوصی طور پر پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحاتی کمیٹی میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر جمہوریت مضبوط نہیں ہوسکتی اور نہ ہی عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد حاصل کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا مؤقف ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی، جبکہ ماضی میں بھی بے نظیر بھٹو کو روکنے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے گئے۔

احتساب کے نظام پر تنقید

بلاول بھٹو زرداری نے احتساب کے نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کرپشن ختم کرنے کے لیے جتنا زور لگایا، کرپشن میں اتنا ہی اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب کا موجودہ نظام صرف سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال ہونے تک محدود رہ گیا ہے۔

معاشی بحران اور عوام کی مشکلات

بلاول بھٹو نے کہا کہ پورا پاکستان معاشی آفت سے گزر رہا ہے اور انہوں نے ملکی تاریخ میں ایسا معاشی بحران نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال عالمی حالات میں فوری بہتری کے آثار نہیں دیکھ رہے جس کی وجہ سے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Related posts