وزیراعظم سے حافظ نعیم کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر مذاکرات؛ اہم اعلان متوقع
حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات جاری ہے، جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد سرکاری ٹیکس یعنی پیٹرولیم لیوی میں کمی سے متعلق تفصیلی بات چیت کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں حکومتی ٹیم کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، علی پرویز ملک، رانا ثنا اللہ اور بلال اظہر کیانی شریک ہیں۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے وفد میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ لیاقت بلوچ، سید فراست علی شاہ اور عنایت اللہ خان مذاکرات میں حصہ لے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران فریقین کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں کمی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ جماعت اسلامی کی قیادت کی جانب سے مہنگی گندم اور آٹے کا معاملہ بھی اجلاس میں اٹھائے جانے کا امکان ہے۔
حکومت اور جماعت اسلامی کے وفود کے درمیان جاری ان مذاکرات کے اختتام پر پیٹرولیم لیوی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق ہونے والی پیش رفت یا کسی ممکنہ اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔