آگے تو بڑھیں،لاہوریوں نے ڈنڈے اٹھا کر مار بھگانا ہے ، مولانا فضل الرحمان کا مودی کو پیغام

0 minutes, 0 seconds Read

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے پر ہمیں بھی افسوس ہے، لیکن اس واقعے کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوئی حیثیت نہیں۔ مودی کا اعلان واضح کرتا ہے کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کا دشمن ہے اور اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’لاہور کا یہ اجتماع آپ کو پیغام دے رہا ہے کہ ذرا آگے تو بڑھیں، نہتے لاہوریوں نے ڈنڈے اٹھا کر تمہیں مار بھگانا ہے اگر اب آگے بڑھے تو 1965 سے بھی بڑا نقصان ہوگا۔‘

انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک جنگی مجرم ہے جو عورتوں اور بچوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ نیتن یاہو کے خلاف عالمی عدالت انصاف فیصلہ دے چکی ہے، لہٰذا اسے فوری طور پر گرفتار کیا جانا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اہل فلسطین مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے ڈیڑھ سال سے محاذِ جنگ پر ہیں۔ فلسطینی عوام کے عزم کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ فلسطین کی حمایت سے ہی پاکستان کے وجود کا آغاز ہوا تھا۔

سربراہ جے یو آئی ف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دینی مدارس کے حوالے سے بنائے گئے قوانین پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور مدارس کی بقاء ایک ہی جنگ کا تسلسل ہے، ہم دینی مدارس کی حفاظت اور بقاء کی جنگ لڑیں گے۔

Similar Posts