اسحاق ڈار کا قطری وزیر خارجہ سے رابطہ، بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا

0 minutes, 0 seconds Read

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قطر کے ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے رابطہ کرکے بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ قطری وزیر خارجہ نے ریاستوں کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

وزیر خارجہ نے قطری ہم منصب کو بھارت کے بے بنیاد اشتعال انگیز بیان بازی اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا اور انہیں پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا۔

شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کی توثیق کی جبکہ فریقین نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطوں اور مشاورت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام باد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔

بعد ازاں، 24 اپریل کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے تجارت اور واہگہ بارڈر کی بندش کرنے کا فیصلہ کیا، علاوہ ازیں بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود بھی بند کردی گئی، اور بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں پاکستان چھوڑ دینے کا حکم دیا گیا تھا۔

Similar Posts