دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت کے سربراہ نے اپنے اختیارات فوج کے حوالے کر دیے

0 minutes, 0 seconds Read

مودی نے ایک بار پھر اپنی پرانی ڈرامہ سیریز کی نئی قسط ریلیز کر دی — خود ساختہ حملہ، سیاسی اسکرپٹ اور اختیارات فوج کے حوالے! نام نہاد جمہوریت کا نیا پردہ، پرانی کہانی، ناکامی چھپاؤ اور فوج کو آگے لگاؤ۔

دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت کے سربراہ نریندر مودی نے ایک اور سیاسی اسٹیج سجایا اور پہلگام حملے کے خود ساختہ ڈرامے پر ردعمل کے نام پر اپنی مسلح افواج کو ”مکمل آپریشنل آزادی“ دے دی۔ گویا ہدایت کاری اب فوج کے پاس، اسکرپٹ پہلے ہی تیارہے!

بھارتی نیوز ایجنسیوں کے مطابق، مودی نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں اعلان کیا کہ بھارتی فوج اب اپنے ”ردعمل“ کے وقت، طریقے اور ہدف کا تعین خود کرے گی۔ یوں لگتا ہے جیسے نئی فلم کی شوٹنگ شروع ہونے والی ہے — ہدایتکار بھی وہی، اداکار بھی وہی!

یہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جہاں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال اور تینوں افواج کے سربراہان موجود تھے۔ میٹنگ کی تفصیلات خفیہ رکھ کر صرف یہ پیغام دیا گیا کہ بھارت دفاعی تیاریوں کے ”جائزے“ میں مصروف ہے — جبکہ دنیا جانتی ہے کہ یہ تیاری حقائق سے نہیں، فریب اور فسانے سے جڑی ہے۔

مودی نے دعویٰ کیا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور فوج کی ”پیشہ ورانہ قابلیت“ پر انہیں پورا یقین ہے۔ یہ وہی فوج ہے جسے اپنی ہی سرزمین پر جھوٹے آپریشن اور خودساختہ حملوں کے ذریعے انتخابی فائدے دلوانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

دلی سے شکیل اختر کی رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا اس ممکنہ ”ردعمل“ کی پیشگی تصویریں کھینچ رہا ہے، جیسے کہ پہلے سے معلوم ہو کہ اسکرپٹ میں آگے کیا ہونا ہے۔ انڈین میڈیا نے یہ خبر مودی کی اپنی فوج کے سربراہوں سے ملاقات کے بعد دی۔

آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کی مودی سے ملاقات بھی اس اسٹیج ڈرامے کا ایک اور سین تھا۔ پہلگام حملے کے بعد بھارت نے ہمیشہ کی طرح پاکستان پر الزام دھرا، سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، پاکستانیوں کے ویزے بند کیے اور سفارتی عملہ کم کرنے کی ہدایت دی — جیسے ہر بار پاکستان کو نشانہ بنا کر بھارت اپنی ناکام سیاست پر پردہ ڈال سکتا ہے۔

دوسری طرف پاکستان نے بھارت کے ان جھوٹے، بے بنیاد الزامات کو نہ صرف دوٹوک انداز میں مسترد کیا، بلکہ جوابی اقدامات کرتے ہوئے شملہ معاہدے سے نکلنے کا اعلان بھی کیا۔

Similar Posts