دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے آج نیوز کے پروگرام میں گٓفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پہلے سے گرفتار افراد کو پیش کر کے نئی کہانی گھڑ سکتا ہے۔ اگر بھارت نے کوئی مس ایڈونچر کیا تو پاکستان کی جانب سے سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ فیصل چوہدری نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل کے اندر سے بھارت کو للکارا ہے۔
آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائٹ وِد عامر ضیا میں گفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی دھمکیوں اور بیانات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا، کیونکہ بھارت کسی بھی وقت اپنی دھمکیوں کو عملی جامہ پہنا سکتا ہے۔
دفاعی تجزیہ کار نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہمیں اپنی تیاری مکمل رکھنی چاہیے کیونکہ مودی سرکار سیاسی فائدے کے لیے لائن آف کنٹرول پر ایسی جگہ ایئر اسٹرائیک کر سکتی ہے جہاں نقصان نہ ہو، تاکہ پاکستان جواب نہ دے۔
آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی فوج اور بارڈر فورسز کے ذریعے ایجنٹ بنائے، جبکہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی خفیہ ایجنسی را کے ذریعے کی گئی۔ اعجاز اعوان کے مطابق بھارت نے پہلگام حملے کا الزام عجلت میں لگا کر خود کو چارج شیٹ کر لیا، یہ کہہ کر کہ مزاحمتی قوتیں کشمیرمیں کارروائی کر رہی ہیں۔
دفاعی تجزیہ کار نے یہ بھی اپنی گفتگو میں امکان ظاہر کیا کہ بھارت اگلے چند دنوں میں کچھ پہلے سے گرفتار افراد کو پیش کر کے نئی کہانی گھڑ سکتا ہے۔ اگر بھارت نے کوئی مس ایڈونچر کیا تو پاکستان کی جانب سے سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
”بھارت کے خلاف پوری قوم متحد ہے“
آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائٹ وِد عامر ضیا میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وکیل فیصل چوہدری نے بھی گفتگو کی، میزبان نے ان سے پاک بھارت کشیدگی پر بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات سے متعلق سوال کیا جس پر فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ عمران خان نے قوم کو پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کو کہا ہے۔
وکیل پی ٹی آئی نے گفتگو میں بتایا کہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بھارت کے خلاف متحد ہیں، انھوں نے جیل کے اندر بیٹھ کر ہندوستان کو للکارا ہے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ حکومت نے اہم فیصلوں پر کسی کو اعتماد میں نہیں لیا، تاہم مودی کی حالیہ کارروائیوں نے پاکستانی قوم کو ایک بار پھر متحد کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی پاکستان کے ساتھ ہے، حکومت کا ساتھ کون دے سکتا ہے وہ خود اپنی دشمن ہے۔ نواز شریف کے لیے ذاتی تعلقات بہت اہم ہیں اس لیے وہ خاموش بیٹھے ہیں۔ حکومت کے حالات تو آپ کے سامنے ہیں۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہا عمران خان نے بھارت کے خلاف 2019 کا مؤقف اپنایا، پاکستان پر کوئی آنچ بھی آئی تو بھر پور جواب دیں گے، مودی کے اقدام نے پاکستانی قومی کو متحد کیا۔
آج نیوز کے پروگرام میں انہوں نے عدلیہ کی موجودہ صورتحال پر بھی اظہارِ افسوس کیا اور کہا کہ کوئی عدالتوں کے احکامات کو ماننے کو تیار نہیں، جبکہ حکومت خود اپنی پالیسیوں کی دشمن بنی بیٹھی ہے۔