امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسئلے کا پُرامن حل تلاش کریں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر متحرک ہے اور مسلسل رابطے میں ہے۔ ترجمان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کریں گے تاکہ کشیدگی کو کم کرنے میں مدد دی جا سکے۔
ٹیمی بروس نے مزید بتایا کہ سینیٹر مارکو روبیو بھی اس معاملے میں سرگرم کردار ادا کریں گے اور دونوں ممالک پر زور دیں گے کہ وہ کشیدگی میں مزید اضافہ نہ کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مارکو روبیو دیگر ممالک کے رہنماؤں سے بھی رابطے کریں گے تاکہ خطے میں قیام امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
پہلگام واقعہ: پاک بھارت معاملات کو بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں، ٹیمی بروس
ترجمان نے واضح کیا کہ امریکا مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ واقعے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور یہ معاملہ واشنگٹن کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔