وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بھارت آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے ایسا کوئی قدم اٹھایا تو اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری نئی دہلی پر عائد ہوگی۔
وفاقی وزیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دے گا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان بھارت کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا خود ساختہ کردار مسترد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے خود دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور ہر شکل میں دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔
بھارت کے خلاف ہم متحد ہیں، عمران خان کا جیل سے اہم پیغام
عطا تارڑ نے واضح کیا کہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اس قسم کے حملے انتہائی بدقسمتی اور افسوسناک ہیں۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس واقعے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بھارت نے تصادم کے راستے کو چُنا۔
بھارت نے کوئی مس ایڈونچر کیا تو پاکستان سے سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا، دفاعی تجزیہ کار
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ غیر جانبدار تحقیقات سے فرار بھارت کے اصل مقاصد کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔