”ولیمے میں دلہن جیسا لباس؟ ایمن اور منال خان کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا“

0 minutes, 1 second Read

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہور جڑواں بہنیں ایمن اور منال خان ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئیں، تاہم اس بار وجہ ستائش نہیں بلکہ تنقید بنی۔

حال ہی میں ایمن اور منال کے بھائی معاذ خان کی شادی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ اگرچہ معاذ اور صبا کا نکاح پہلے ہی ہو چکا تھا، لیکن اب مہندی، بارات اور ولیمے کی رنگا رنگ تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

ولیمے کی تقریب میں منال خان نے سنہری رنگ کی دیدہ زیب میکسی زیب تن کی، جس پر باریک دبکا، سیکوئنز اور نفیس کڑھائی کا کام کیا گیا تھا۔ انہوں نے اسی موقع کے لیے اپنے ولیمے میں پہنا گیا ڈائمنڈ جیولری سیٹ بھی استعمال کیا، جبکہ بالوں کو ہائی پونی ٹیل میں باندھ کر ہلکے میک اپ سے اپنی قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کیا۔

دوسری جانب ایمن خان نے منٹ گرین رنگ کا ریشمی لباس پہنا، جس پر نرم دبکے اور کڑھائی کا کام موجود تھا۔ ایمن نے سادہ انداز اپناتے ہوئے کھلے بال رکھے۔ دونوں بہنیں اپنی نئی بھابھی صبا معاذ خان کے ساتھ خوشگوار موڈ میں تصاویر کھنچواتی نظر آئیں۔

تاہم سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے ایمن اور منال کے لباس کو دلہن سے مشابہ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ شادی کا دن دلہن کے لیے خاص ہوتا ہے اور ایسے موقع پر دلہن کو ہی مرکزِ نگاہ ہونا چاہیے، نہ کہ دیگر افراد.

ایک صارف نے لکھا، ”تینوں میں سے دلہن کون؟ پہچاننا مشکل ہو رہا ہے“۔ ایک اور صارف کے بقول،”دلہن کی بہنیں بھی دلہنوں جیسا لباس پہن لیں گی تو پھر صبا کو نمایاں کیسے ہونا تھا؟“

ایک اور صارف نے اعتراض کیا، ”کسی کی خوشی میں شریک ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اُس کی جگہ لے لی جائے۔“

Similar Posts