پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلے جارہے میچ کو بارش کے باعث روک دیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا 21 واں میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے 11.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنالیے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن فخرزمان کھاتہ کھولے بغیر ہی پہلے اوور میں پویلین واپس لوٹ گئے تاہم محمد نعیم اور عبداللہ شفیق نے 102 رنز کی جارحانہ شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے 29، 29 گیندوں پر نصف سینچریاں اسکور کیں۔
میچ جاری تھا کہ لاہور قلندرز کی بیٹنگ کے دوران تیز آندھی باعث میچ کو روک دیا گیا، تیز ہواؤں کے ساتھ گرد آلود جھکڑ کے باعث امپائرز نے میچ روکنے کا فیصلہ کیا۔

آندھی کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آندھی کی رفتار 100کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
خیال رہے کہ این ڈی ایم اے نے آج سے 5 مئی تک ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔
میچ کا ٹاس
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے محمد عامر کی جگہ محمد ذیشان کو موقع دیا جبکہ لاہور قلندرز نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دینے والی پلینگ الیون کو ہی میدان میں اتارا ہے۔
لاہور قلندرز
لاہور قلندرز کی ٹیم میں فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بِلنگز (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، آصف علی، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، حارث رؤف، ٹام کرن، آصف آفریدی شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سعود شکیل (کپتان)، فِن ایلن، حسن نواز، کوشل مینڈس (وکٹ کیپر)، مارک چیپمن، رائلی روسو، محمد عامر، محمد وسیم (جونیئر)، ابرار احمد، فہیم اشرف، محمد زیشان، خرم شہزاد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، لاہور قلندرز 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 ہی پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
علاوہ ازیں، کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، پشاور زلمی 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور ملتان سلطانز صرف 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔